Friday, January 2, 2015

فیصل آباد: قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی تجمل باجوہ ٹریفک حادثہ میں جاں بحق



فیصل آباد:
قومی کبڈی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی 28 سالہ تجمل باجوہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔ متوفی دو بچوں کا باپ تھا۔ 15روز قبل خدا نے بیٹے کی خوشی سے نوازا تھا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈجکوٹ کے نواحی علاقے چک 275 ر۔ب کالا کے رہائشی پاکستان کبڈی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی تجمل باجوہ ضروری کام کے سلسلے میں موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ٹائر پھٹنے سے موٹر سائیکل مخالف سمت سے آنے والے موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں تجمل باجوہ شدید زخمی ہوگئے جس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جن کو گذشتہ شام چار بجے نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ملک بھر سے کبڈی کے کھلاڑیوں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ائرفورس کے چاک و چوبند دستے نے مرحوم کو سلامی دی۔ یاد رہے تجمل باجوہ ائرفورس کی جانب سے کھیلتے تھے۔ وہ قومی کبڈی ٹیم کی جانب سے بھارت، کینیڈا، انگلینڈ، ایران سمیت کئی ممالک کا دورہ کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن فیصل آباد کے جنرل سیکرٹری رانا عمران اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر چودھری جاوید کمال، پرویز اقبال کمال، محبوب عالم سندھو اور مبصر کبڈی طیب گیلانی نے تجمل باجوہ کی موت کو بڑا حادثہ قرار دیا ہے۔ سابق کمشنر طاہر حسین نے بھی نوجوان کھلاڑی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا تجمل باجوہ ملک کا قیمتی سرمایہ تھا۔ دکھ کی اس گھڑی میں ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن مرحوم کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی اور بیسٹ سٹاپر تجمل باجوہ ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کے کپتان رہے۔ 2014ء میں ہونیوالی انڈو پاک پنجاب گیمز اور بیچ کبڈی میں بھی شر یک ہوئے۔ تجمل باجوہ کبڈی ورلڈ کپ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں بھی شریک رہے مگر کندھے میں تکلیف کے باعث کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرسکے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے تجمل باجوہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء قومی کبڈی ٹیم کے کوچ غلام عباس بٹ، سرور بٹ ، کبڈی ٹیم کے منیجر وقاص اکبر، کپتان شفیق چشتی اور کبڈی کے کھلاڑیوں نے بھی تجمل باجوہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری رانا محمد سرور نے تجمل باجوہ کی ٹریفک حادثہ میں ہلاکت پر خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

0 Comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Ads

Google Translator

Blogger Tips And Tricks|Latest Tips For BloggersFree BacklinksBlogger Tips And Tricks
English French German Spain Italian Dutch Russian Portuguese Japanese Korean Arabic Chinese Simplified
Powered By google

BidVertiser